وقت کے ساتھ ساتھ جس طرح ہرکام میں جدت آگئی ہے اسی طرح زیورات کے شعبے میں بھی سائنس نے بہت ترقی کی ہے اور ایسے کام جن پہ کئی کئی گھنٹوں کی محنت مطلوب ہوتی تھی اب چند ہی لمحوں میں پایا تکمیل کو پہنچ جاتے ہیں۔

ایسا سونا یا چاندی جو پرانے زیورات کی صورت میں گاہکوں سے خریدنے کے بعد سنار پگھلا کر ایک ٹھوس سلاخ کی شکل دے دیتا ہے "رینی" کہلواتا ہے۔اس "رینی"کے نئے زیورات بنانے یا اسے مارکیٹ میں بیچنے سے پہلے اس کو خالص کرنا یعنی کہ سونا الگ اور ملاوٹ وغیرہ الگ کرنا ضروری ہوتا ہے۔جو کافی محنت طلب کام ہے کچھ عرصہ پہلے تک اسے سنار خود ہی (یا سنار برادی میں ایک خاص طبقہ جو یہی کام کرتا ہے جنہیں نیاریہ بھی کہا جاتا ہے اس کو) خالص کرتے تھے۔اسکام کو نیارہ کہا جاتا ہے اور اس پہ اچھا خاص وقت سرف کرتے تھے لیکن اب اس مقصد کے لئے گولڈ ٹیسٹ لیبارٹریز وجود میں آچکی ہیں جہاں سنار یہ "رینی"لے کرجاتے ہیں اور لیبارٹری والے چند لمحوں میں ہی ایک رپورٹ تیار کرکے سنارکے ہاتھ میں تھما دیتے ہیں جس پہ یہ تفصیل درج ہوتی ہے کہ اس میں کتنا خالص سونا ہے اور کتنی ملاوٹ۔سنا اسی وقت خالص سونا یا رقم جو چاہے لیبارٹری والے سے وصول کرسکتا ہے۔لیبارٹری والا اس کام کا معقول معاوضہ وصول کرتا ہے۔دنیا میں گولڈ ٹیسٹ لیبارٹری کے کئی طریقے ہیں جن کا مختصر تعارف درج ذیل ہے۔تاہم پاکستان میں اول الذکر دوطریقے ہی استعمال ہورہے ہیں یعنی کہ پانی والی لیبارٹری اور تحلیل والی لیبارٹری۔

پانی والی یا فوری لیبارٹری


اس میں "رینی" کا وزن اور "رینی" کا پانی کے اندر وزن الگ الگ کمپیوٹر میں داخل کئے جاتے ہیں اور اینٹر کا بٹن دباتے ہی کمپیوٹر کی سکرین پہ سونے کا رزلٹ آجاتا ہے جس میں خالص سونا اور ملاوٹ کی مقدار کا وزن الگ الگ لکھا ہوتا ہے۔اس لیبارٹری کو فوری لیبارٹری یا ایک منٹ والی لیبارٹری بھی کہا جاتا ہے۔لیکن اس کے رزلٹ کو سوفیصد درست نہیں کہاجاسکتاکیوں کہ اس میں کبھی کبھی غلطی کی گنجائش بھی باقہ رہتی ہے۔

تحلیل والی لیبارٹری

اس میں"رینی"سے تھوڑا سا سونا کاٹ کر اس کو تیزاب میں تحلیل کرکے خالص کیا جاتا ہے پھر کمپیوٹر کو کاٹے گئے سونے کاوزن،نکلنے والے خالص سونے کا وزن اور ساری "رینی"کا وزن بتایا جاتا ہے-اور اینٹر کا بٹن دباتے ہی سکرین پہ سونے کا رزلٹ آجاتا ہے جس میں خالص سونا اور ملاوٹ کی مقدار کا وزن الگ الگ لکھا ہوتا ہے۔یہ رزلٹ سوفیصد درست سمجھا جاتا ہے۔

ایکسریز یا لیزر لیبارٹری

ایک بکس ہوتا ہے جو اندر سے بالکل سیاہ اور کمپیوٹر سے منسلک ہوتا ہے اس میں "رینی"کو رکھ کر سوئچ دبا کر برقی لہروں کو چالوکردیاجاتا ہے جو لمحوں میں ہی تجزیہ کرکے کمپیوٹر کو بتادیتی ہیں کہ اس میں کتنا خالص سونا ہے اور کتنی ملاوٹ ہے۔

کرنٹ لیبارٹری

اس میں "رینی"کے دونوں سروں کے دو الگ الگ تاروں سے منسلک کرکے مشین کو چالو کردیا جاتا ہے۔یہ دوتاریں مخصوص قسم کے کرنٹ کے "رینی"سے گزارنے کے لئے استعمال ہوتی ہیں جس سے معلوم ہوجاتا ہے کہ اس میں کتنے فیصد خالص سونا ہے۔

چاندی کے لئے صرف تحلیل والی لیبارٹری کا ہی استعمال کیا جاتا ہے۔